کھدائی کے دوران روبوٹوں کو انسانی کھنڈروں میں سے پرانے وقتوں کا ایک’’جیومیٹری باکس‘‘ ملا۔ جو ۳ یا ۴ صدیوں پہلے کا تھا۔ اسے کھولا تو اس میں ایک بوسیدہ لیڈپنسل کے علاوہ دو مختلف رنگوں کے پر تھے۔۔۔جو تھوڑی تحقیق کے بعد مرغیوں کے ثابت ہوئے!ان پروں کے نیچے ایک رقعہ ملا جس پر کسی بچے کی تحریر تھی۔ جب اس قدیم زبان جس کانام اردو تھا کا ترجمہ کیا گیاتو جو مضمون ملا وہ کچھ یوں تھا:-
’’میر ی پیاری مرغیوں کے نام ۔۔۔جو قریباََچار برس تک میرے ساتھ رہیں اور یہ سال میں نے بہت مزے سے گزارے۔آج جب کہ وہ میرے ساتھ نہیں ہیں مگر میں ان کے یہ پر سنبھال رہا ہوں تا کہ ان کی یادوں کومحفوظ رکھ سکوں۔ کوکو اور چوچو جب مجھے یاد آتے ہیں تو میرے دل میں بہت درد ہوتا ہے۔ میں انہیں نہیں بھول سکتا‘‘۔
روبوٹوں کے ادبی حلقے نے اپنی عوام کی دلچسپی کے لئے اس ترجمے کو شائع کروادیا۔عوام میں یہ بہت پسند کیا گیا۔ لوگ ایک دوسرے سے اس کا ذکر کرتے اور محضوظ ہوتے۔ مگر عام فہم کے روبوٹ ایک بات نہائت تعجب سے پوچھتے’’ یہ دل کیا ہوتا ہے!!!‘‘۔